مکرمی! پاکستان کی مسلح افواج کا شمار دنیا کی چند بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں پاکستان کی مسلح افواج کے جوان اور افسر کبھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے، محاذ جنگ پر قوم کے یہ بہادر اور نڈر سپوت ملک اور قوم کی خاطر سرحدوں کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے کیلئے اور ملک کو دہشت گردی جیسے ناسور سے پاک کرنے کیلئے یہ اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر ان سے نبرد آزما ہوتے نظر آتے ہیں۔ قدرتی ناگہانی آفات کی صورت میں یہ اندرون ملک متاثرہ افراد کی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر مدد کرتے نظر آتے ہیں۔ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سنگلاخ اور بے آب و گیاہ پہاڑوں اور چٹانوں پر یہ انسانیت سے عاری، سفاک، درندہ صفت اور بے رحم دہشت گردوں کا قلع قمع کرتے نظر آتے ہیں۔ بلوچستان میں باغی گروہوں کی سرکوبی کیلئے ہمہ تن برسر پیکار ہیں اور دیگر پاکستان دشمن تنظیموں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتے۔ یہ پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے کہ آج ہم اللہ کے فضل و کرم سے امریکہ جیسی سپر پاور کی طرف سے دی جانے والی ملکی مفاد کے منافی دھمکیوں کو بھی خاطر میں نہیں لا رہے۔ غرضیکہ پاکستان کی مسلح افواج کی کاوشوں اورکارکردگی پر جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ (رانا ارشد علی۔ گجرات)