اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) بری فوج کی اعلیٰ قیادت نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا مؤثر جواب دیا جائیگا اور علاقائی امن و سلامتی کے معاملہ میں دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کے دوران قومی مفادات کو ہر صورت میں مقدم رکھا جائیگا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 208 ویں کور کمانڈرز گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ شرکاء کانفرنس نے علاقہ میں سلامتی کے ماحول اور منظر نامہ، بطور خاص علاقائی سلامتی سے متعلق امریکی کی پالیسیوں کے پس منظر میں حالات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ آپریشن ردالفساد میں پیشرفت اور بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایک برس طویل انسداد دہشت گردی کے اس آپریشن کے دوران حاصل کردہ کامیابیوں کو مستحکم بنا کر پاکستان اور خطہ کیلئے امن کو پائیدار بنایا جائیگا۔ یہ کہا گیا کہ بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیوں، خطہ کے امن کیلئے نقصان دہ ہیں اور ان خلاف ورزیوں سمیت بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا موثر جواب دیا جائیگا۔ کور کمانڈرز نے کئی سالوں سے انسداد دہشت گردی کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ پاکستان اور خطے دونوں کیلئے پائیدار امن اور استحکام حاصل ہو سکے۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں امن کیلئے نقصان دہ ہیں تاہم ان خلاف ورزیوں یا کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا موثر انداز میں جواب دیا جائیگا۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ علاقائی امن اور استحکام کیلئے دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کیا جائیگا۔ اس دوران قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔ کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا قومی مفادات کا تحفظ ہر صورت سرفہرست رہے گا۔
علاقائی امن: سٹیک ہولڈرز کیساتھ تعاون میں قومی مفاد کو مقدم رکھیں گے: کور کمانڈر کانفرنس
Feb 08, 2018