کراچی (سٹاف رپورٹر) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کو گرانے میں پیپلزپارٹی کی قیادت کا کوئی ہاتھ نہیں ہے، بلوچستان اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا کا اظہار انہوں نے الیکشن کمشن میں سینٹ کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں رضا ربانی نے کہا کوشش ہوگی کہ سینٹ کو مضبوط سے مضبوط بنایا جائے۔ ایگزیکٹو کے اوپر سینٹ کو چیک رکھنا ہوگا۔ پارلیمان واحد ادارہ ہے جو تمام اداروں کو متحد کرسکتا ہے۔ ہر ادارے کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے۔ سابق وزیراعظم کی تحریک عدل اور موجود سیاسی صورتحال پر چیئرمین سینٹ نے تبصرے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ بارہ مارچ تک چیئرمین سینٹ کے عہدے پر ہیں اس قسم کے سوالات کا اس کے بعد جواب دینگے۔