مقبوضہ کشمیر: شہید نوجوان سپرد خاک‘ مظاہرے‘ جھڑپوں میں کئی زخمی‘ یاسین ملک ساتھیوں سمیت گرفتار

Feb 08, 2019

سرینگر (اے این این + نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کو سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ عرفان کی نمازجنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بھارتی مظالم کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ ادھر علاقے میں محاصرہ شروع ہوتے ہی برفباری کے دوران ہی نوجوان سڑکوںپر نکل آئے او رپولیس و فورسز پر سنگ باری شروع کی ۔تشدد پر اتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے پولیس و فورسز نے آنسو گیس کے گولے داغے ، پیلٹ گولیوں اور پیپر گیس کا بھی استعمال کیا ۔کافی دیر تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ علاقے میں کشیدگی کے باعث کاروباری مراکز،دکانیں ،بازار اور تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے۔اس دوران انٹر نیٹ اور موبائل سروس بھی معطل رہی ۔ادھر کولگام کے علاقے قاضی گنڈ میں نامعلوم افراد نے جنرل بس سٹینڈ میں فورسز کے کیمپ پرگرینیڈ سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔واقعہ کے بعد یہاں محاصرہ کر کے تلاشیاں لی گئیں۔ پچھلے ہفتے دربگام پلوامہ جھڑپ میں ملبے سے گرینیڈ اٹھا کر اسے کھیلنے والے رہمو پلوامہ کے 2کمر لڑکے، جو گرینیڈ پھٹنے سے شدید زخمی ہوئے تھے، میں سے ایک 5روز تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑبیٹھا ۔ادھر طالب علم کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔جس دوران یہاں خواتین کو سینہ کوبی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے شوہر ڈاکٹر قاسم فکتو کی گرفتاری کو 26سال ہونے پر مشترکہ حریت قیادت کی اپیل پر ڈاکٹر قاسم اور دیگر اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت کرتے ہوئے حریت رہنما یاسین ملک کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اس موقع پر فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔احتجاج کا اعلان سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے کیا تھا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے مقبوضہ علاقے میںجاری خون خرابے کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے جو مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کے بجائے صرف اور صرف بندوق اور بارود سے حل کرنا چاہتے ہیں۔جون 2018میں شادی مرگ پلوامہ44آر آر فوجی کیمپ کے ایک اہلکار،اورنگ زیب ساکن پونچھ کو اغوا کرنے کے بعد ہلاک کرنے کی تحقیقات کے دوران فوج نے پلوامہ اور قاضی گنڈ سے تعلق رکھنے والے اپنے ہی 3جوانوں کو حراست میں لے لیا ہے،جن سے مبینہ طور پر اس بات کی تفتیش ہورہی ہے کہ انہوں نے ہی اورنگ زیب کے کیمپ سے چھٹی لیکرگھر جانے کی اطلاع جنگجوئوں کو دی تھی، جس کے بعد اسکی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اس بات کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں جو ریاست اور ریاستی عوام کا بٹوارا کرنا چاہتے یا ان کے ساتھ جو ریاست کے خطوں اور عوام کو جوڑنا چاہتے ہیں۔گورنر ستیہ پال ملک نے کہا لوگوں کو پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے بیانات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے ان کی پارٹی کی موجودہ صورتحال پر ان سے ہمدردی کرنا چاہئے۔

مزیدخبریں