آسٹریلوی حکومت لاہور‘گوجرانوالہ‘سیالکوٹ میں پلازما فریسس یونٹ لگائے گی

لاہور (کامرس رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز مائستھینیا گریوس اور اس قسم کے دیگر اعصابی امراض کے علاج کیلئے آسٹریلوی حکومت کے اشتراک سے لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں موبائل پلازما فریسس یونٹ لگائے گی اس بات کا اعلان جمعرات کے روز وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے ایک سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ سیمینار کا انعقادپاکستان مایا استھینک ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک کے کیا گیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی پاکستان میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن تھیں۔ اپنے خطاب میں آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے انصاف صحت کارڈ کا اجرا قابل تحسین قدم ہے جس سے تقریباً 8کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ مارگریٹ ایڈم سن کا کہنا تھا کہ ہر سال 13ہزار پاکستانی طلبہ آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے جاتے ہیں۔ مزید برآں آسٹریلیا میں بہت سے پاکستانی ڈاکٹرز خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں ایک مضبوط سول سوسائٹی قائم ہوگی جو ملک میں امن اور ترقی کی ضامن بنے گی۔ آسٹریلوی حکومت پاکستان میں تعلیم اور صحت کے پراجیکٹس میں مالی تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن