ڈیپ سی فشنگ پالیسی اجلاس، فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی نے بائیکاٹ کردیا

کراچی(کامرس رپورٹر)فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی اور اسٹک ہولڈرز نے ڈیپ سی فشنگ پالیسی کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔وفاقی حکومت کی طرف سے تحفظات دور کیے جانے تک کسی اجلاس میںشریک نہ ہونے کا فیصلہ کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی فش ہاربر پر ایف سی ایس کے بورڈ روم میںچیئرمین فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی عبدالبر کی صدارت میں ایک ہنگامی اجلاس ہوا جس میں تمام اسٹک ہولڈرزنے شرکت کی۔اجلاس میںمیری ٹائم افیئرز کی جانب سے ڈیپ سی فشنگ پالیسی کے حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کا جائزہ لیا گیا ۔تمام اسٹک ہولڈرزنے اس بات پر اتفاق کیا کہ نوٹیفکیشن میںظاہر کیے گئے کمیٹی ممبران میں غیر متعلقہ لوگوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے جن کا ڈیپ سی فشنگ پالیسی سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کو اس میں لیڈنگ رول دینے کی کوشش بھی سمجھ سے بالاتر ہے۔ان اقدامات کے بعد وفاقی حکومت کی سنجیدگی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتاہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحفظات دور کیے جانے تک فشریز سیکٹر کے تمام اسٹک ہولڈرزوفاقی حکومت کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔اجلاس میں پاکستان فش ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کیپٹن اخلاق احمد،سندھ ٹرالرز ایسوسی ایشن(اسٹوفا) کے صدرحبیب اللہ نیازی،مول ہولڈرز ایسوسی ایشن کے صدر بابو اسمعیل،نیفا کے صدر آصف بھٹی اورسندھ ٹرالرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف سرور صدیقی بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن