مظفر گڑھ (نیٹ نیوز) اغواء اور ڈکیتی کے الزام میں گرفتار جمشید دستی کو عدالت پیش کر دیا گیا۔ عدالت نے جمشید دستی کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ اور میڈیکل کرانے کا حکم دیدیا۔ مظفر گڑھ میں سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو تھانہ کرمداد قریشی میں درج آئل ٹینکر عملے کو اغوا اور ڈکیتی کیس میں ریمانڈ کے لیے پولیس نے مقامی عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ خیال رہے کہ مظفر گڑھ پولیس نے گزشتہ روز ملتان سے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو آئل ٹینکر عملہ اغوا کیس میں گرفتار کر لیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آئل ٹینکر عملہ اغوا کیس میں جمشید دستی اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں سمیت 8 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ چوک میتلا سے نامہ نگار کے مطابق عوامی راج پارٹی کے سربراہ سابق رکن قومی اسمبلی جمشید احمد دستی کی گرفتاری کے خلاف ضلعی صدر وہاڑی عوامی راج پارٹی صفدر عباس خان منیس کی قیادت میں چوک میتلا کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمشید احمد خان دستی کو مظلوموں کیلئے آواز بلند کرنے، غریبوں کی مدد کرنے اور وڈیروں، جاگیرداروں کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، جس کی کارکن بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ شفاف تحقیقات کیلئے اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔
جمشید دستی کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ چوک میتلا میں گرفتاری کیخلاف مظاہرہ
Feb 08, 2020