شام میں اسرائیل کی بمباری: مسافرطیارہ بچ گیا، 23 جنگجو ہلاک

Feb 08, 2020

دمشق / ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کی شام میں تین مختلف فضائی کارروائیوں میں شامی فضائیہ کے اہلکاروں سمیت 23 جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ روس نے الزام عائد کیا ہے کہ اْس کا مسافر بردار طیارہ بمباری کی زد میںآتے آتے بچ گیا۔عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے دمشق میں 3 مقامات پر ایرانی ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی ہے جس میں کم سے کم 23 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں شامی فضائیہ کے اہلکاروں کے علاوہ ایرانی جنگجو بھی شامل ہیں۔شام میں انسانی حقوق کے برطانوی مبصر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے قسوہ میں ایک عمارت پر بمباری کی جس میں 3 ایرانی جنگجو اور 7 ایران کے حمایت یافتہ جنگجو ہلاک ہوگئے۔ادھرشام کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ ملکی فوج شمال مغربی صوبے ادلب کے بڑے قصبے سراقب میں داخل ہو گئی ہے۔ ادلب میں سراقب کو باغیوں کا ایک اہم ٹھکانا قرار دیا جاتا ہے۔ اس شمال مغربی صوبے میں شامی فوج اپنا کنٹرول قائم کرنے کے آپریشن کو کئی ماہ سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس فوجی مشن کی وجہ سے دمشق اور انقرہ کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اس کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے کہ شامی اور ترکی فوج میں براہ راست تصادم نہ ہو جائے۔

مزیدخبریں