لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں متعدد وارداتوں کے دوران شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہو گئے۔ جبکہ اکبری گیٹ کے تاجر کا قاتل زیرحراست ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق غازی آباد میں ڈاکو گھر گھس کر منیر احمد اور فیملی کو یرغمال بنا کر 3 لاکھ 70ہزار کی نقدی اور طلائی زیورات، مو بائل فون ودیگر سامان، ستوکتلہ میں 2 ڈاکو حمزہ کے گھر سے 2 لاکھ 80 ہزار مالیت‘ فیصل ٹاؤن میں دو ڈاکو اسلحہ کے زور پر ظہور اور فیملی کو یرغمال بنا کر3 لاکھ 19 ہزار مالیت‘ گلبرگ میں فہیم اور فیملی کو یرغمال بنا کر 3 لاکھ 30 ہزار مالیت‘ شیرا کوٹ میں عبد الحمید کی فیملی سے 2لاکھ 20 ہزار کی نقدی‘ طلا ئی زیورات ودیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔ جبکہ ڈیفنس سی میں کبیر سے اسلحہ کے زور پر 1لا کھ 65 ہز ار کی نقدی اور موبائل فون ودیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ جبکہ چور سبزاہ زار اور ملت پارک سے گاڑیاں اور رنگ محل، ساندہ اور چوہنگ سے موٹرسائیکلیں چوری کر کے فرار ہو گئے۔ دوسری طرف مبینہ پولیس مقابلے میں اکبری گیٹ کے تاجر کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والا زیر حراست ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار ہوگیا۔ سی آئی اے سول لائنز پولیس زیرحراست ملزم عامر حسین کے ساتھ ریکوری کے لئے باٹا پور گاؤں پہنچی تو اسکے ساتھیوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اکبری گیٹ میں تاجر کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنیوالا زیر حراست ڈاکو عامر حسین اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر مارا گیا اور پولیس کانسٹیبل ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ پر حملہ آور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو عامر اندرون شہر کا رہائشی اور چوری و ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ جس کی لاش کو پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کرکے اس کے ساتھی کی گرفتاری کیلئے قریبی علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
6 ڈکیتیاں، لاکھوں کا نقصان، اکبری گیٹ کے تاجر کا قاتل زیر حراست ڈاکو جنید مقابلے میں ہلاک
Feb 08, 2020