رشتہ سے انکار پر لڑکی‘ بیوی نے شوہر کو قتل کر دیا

Feb 08, 2021

لاہور (نامہ نگار) اسلام پورہ کے علاقے میں رشتے سے انکار پر نوجوان نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کر کے لڑکی کو قتل کر دیا اور فرار ہو گیا ہے۔ گلشن راوی میں بیوی نے گھریلو جھگڑے پر شوہر کو گولی مار دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام پورہ کے علاقے سنت نگر میں کاشف نامی نوجوان نے رشتے سے انکار پر گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کر کے صوبیہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ صوبیہ کے شادی سے انکار پر اس کے رشتے دار ملزم کاشف نے اسے قتل کیا ہے۔ تفتیش جاری ہے، جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔ تھانہ گلشن راوی کے علاقے اقبال ٹاؤن کے رہائشی 32سالہ جمشید اور اس کی بیوی شہزادی کا گزشتہ روز کسی بات پر جھگڑا ہوگیا۔ جس پر شہزادی نے پسٹل سے اپنے شوہر جمشید پر فائرنگ کر دی۔ جمشید موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرادی ہے اور ملزمہ شہزادی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق میاں بیوی کا آپس میں جھگڑا رہتا تھا۔ اصل حقائق تفتیش اور فرانزک رپورٹس کے بعد سامنے آئیں گے۔

مزیدخبریں