کراچی‘ دھرنے میں شریک سٹیل مل ملازم چل بسا‘ وزیر بلدیات کی درخواست پر احتجاج ختم

Feb 08, 2021

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں سٹیل مل سے جبری برطرف ملازمین کے احتجاجی دھرنا میں شریک ملازم چل بسا۔ شیر محمد صبح چار بجے طبیعت خراب ہونے پر گھر پہنچا تو جان لیوا ہارٹ اٹیک ہو گیا۔ وہ سی ای او ہاؤس کے باہر دھرنے میں 28 دن سے شریک تھا۔ دوسری جانب سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ سٹیل مل کے برطرف ملازمین کے دھرنے میں پہنچے اور انتقال کر جانے والے ورکر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے، پی ٹی آئی کے یو ٹرن حکمرانوں کے آسرے میں نہ رہیں، یہ دھرنا ختم کریں۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے وفاق کو کہا ہے کہ سٹیل مل سندھ حکومت کے حوالے کرے،  معاملے پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ بعدازاں سٹیل مل ورکرز نے سی ای او کے گھر کے باہر 2 ماہ سے جاری دھرنا ختم کردیا ورکرز ایکشن کمیٹی نے وزیراطلاعات ناصر شاہ کی درخواست پر دھرنا ختم کیا۔

مزیدخبریں