لاہور (نامہ نگار) سابق گورنر پنجاب و صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے سینٹ انتخابات کے لئے صدارتی آرڈیننس مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت پارلیمنٹ کی بے توقیری کررہی ہے۔ کیس سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہونے کے باوجود آرڈیننس کا فیصلہ گھبراہٹ اور نااہلی کا اعتراف ہے۔ آئینی ترمیم کے بغیر سینٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ آرڈیننس کے ذریعے آئین میں ترمیم نہیں کی جاسکتی۔ ان میں ہمت ہے تو قانون سازی کریں۔ آرڈیننس کا مطلب دراصل حکومتی ارکان پر عدم اعتماد ہے۔ انہیں ڈر ہے کہ ان کی نااہلی عیاں ہوجائیںگی۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتیں اور ان کی قیادت ایک پیج پر متفق ہیں۔ پیپلز پاٹی کی قیادت نے تحریک عدم اعتماد کے لیے اتحادی جماعتوں کی قیادت کے ساتھ مل کر کام شروع کردیاہے۔ آصف علی زرداری اور اہم سیاسی شخصیات کے درمیان رابطے تیز ہوتے جارہے ہیں۔ پنجاب میں سینٹ الیکشن تحریک عدم اعتماد کیلئے جامعہ حکمت عملی کو مشاورت کے ساتھ آخری شکل دی جا رہی ہے۔ پنجاب سے پارٹی امیدوار لانے کی کوشش بھی جاری ہیں۔ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد آئی تو تبدیلی یقینی ہو گی۔