یہود و ہنود سے خیر کی توقع عبث ، کشمیر زور بازو ہی سے ملے گا : زوار بہادر

Feb 08, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ دنیا میں تہذیب، امن اور انصاف کے علمبرداروں کا دوہرا معیار ہے کہ مسلمان کشمیر میں ہوں یا فلسطین میں ان کا ناحق خون بہایا جا رہا ہو تو ان کی انسانیت بھی مرجاتی ہے اور اگر جھوٹا الزام مسلمان ملک پر لگے تو یہ چالیس ملکوں کی فوج لیکر اس پر چڑھ دوڑتے ہیں۔ اہل فکرو دانش اور سیاسی ودینی قیادت کو مل بیٹھ کر اس پر غور کرنا چاہیے کہ کیا کشمیر اسی طرح آزاد ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا قاری زوار بہادر نے کہا کہ اقوام متحدہ 1948ء سے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے اس کی وجہ صرف اور صرف کشمیر یوں کا مسلمان ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم بند نہ ہوئے تو دو ایٹمی قوتوں کے درمیاں خوفناک جنگ کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی پرریلیاں جلسے جلوس درست لیکن کشمیر جہاد کے بغیر آزاد نہیں ہو گا قوم کو بھارت اسرائیل اور کشمیریوں پر ظلم میں شریک تمام قوتوں سے نفرت کا اظہار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا یہ بہترین وقت ہے انڈیا پر کاری ضرب لگانی چاہیے ۔ یہودوہنود سے کشمیر کی آزادی کے لئے حمایت کی توقع عبث ہے کشمیر جب بھی ملے گا اپنے زور بازو پر ہی ملے گا۔

مزیدخبریں