لاہور (انٹرویو۔ احسان شوکت سے) پاکستان پیپلزپارٹی فیڈرل کونسل کے رکن و چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کا کشمیر پر غیر قانونی قبضہ انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ مظلوم کشمیری بھارت کے ظلم و جبر کا شکار ہیں۔ عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی سنگین جرم کے مترادف ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دلوانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ عبدالقادر شاہین نے ان خیالات کا اظہار یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ کشمیریوں کی نسل کشی قابل مذمت ہے۔ حق خودارادیت ان کا جمہوری قانونی حق ہے۔ خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہو گا۔ اقوام متحدہ اور تمام عالمی فورمز کشمیر کے مسئلے پر دھیان دیں۔ بھارت سن لے وہ اپنے جبر اور ظلم و ستم سے کسی صورت بھی کشمیر پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیری عوام پر ظلم و زیادتی کا سلسلہ فوری بند کرے۔ انہوں نے مزید کہا آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ انشاء اللہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔
عالمی برادری کی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر خاموشی سنگین جرم : عبدالقادر شاہین
Feb 08, 2021