فیض آباد معاہدے سے روگردانی کے نتائج خطرناک ہونگے‘ قاضی محمود اعوان

Feb 08, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر) تحریک لبیک پاکستان کراچی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے فیض آباد معاہدے سے روگردانی کی تو نتائج بھیانک آ سکتے ہیں‘ حکومت کو چاہیے کہ فرانسیسی سفیر کو ڈیڈ لائن سے پہلے ملک بدر کر دے۔ ان خیالات کا اظہارمقررین نے محمدی فٹبال اسٹیڈیم میمن گوٹھ میں ہونے والی تاجدار ختم نبوت کانفرنس بسلسلہ چہلم حضرت علامہ حافظ خادم حسین رضوی  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرضلع ملیر لبیک یا رسول اللہ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ کانفرنس سے مرکزی سرپرست اعلی تحریک لبیک پاکستان قاضی محمود اعوان نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور دین تخت پر آکر رہے گااور دنیا میں اسلام اور پاکستان کا پرچم ضرور بلند ہوگا۔مرکزی نائب امیر سید ظہیر الحسن شاہ نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان کو وارننگ دی کہ اگر حکومت نے معاہدہ فیض آباد سے روگردانی کی تو نتائج بھیانک آسکتے ہیں کیوں کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت اور ناموس کا معاملہ ہے اور اس کے لئے ہم اپنی جانیں قربان کر دیں گے۔مرکزی امیر کے پی کے ڈاکٹر شفیق امینی نے کہا کہ ہم ہر لمحہ تیار ہیں۔ حکومت کی جانب سے اس بار کریک ڈاؤن کی کوشش ہوئی تو قیادت اپنا لائحہ عمل دے گی۔امیر کراچی علامہ رضی حسینی نے کہا کہ ہم قائدین کی ہر کال پر تیار ہے اہلیان کراچی نے آج حکومت کے خلاف ریفرنڈم میں فیصلہ کر دیا کہ ہم کل بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس کے معاملے میں پیچھے نہ تھے اور آئندہ بھی پیچھے نہیں رہیں گے۔ حکومت کا فرض ہے کہ ڈیڈ لائن سے پہلے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کر دے اسی میں حکومت کی بھلائی ہے۔۔ کانفرنس سے دیگر قائدین تحریک لبیک پاکستان نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں