کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستانی اوپنرز کی ناکامیوں کا سفر مزید طویل ہوگیا جب کہ عابد علی اور عمران بٹ کی جوڑی نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔قومی ٹیسٹ ٹیم میں مختلف تجربات ہونے سے بھی اوپننگ کے مسائل حل نہیں ہوسکے، گذشتہ2 سال میں پاکستان نے 6 اوپننگ پیئرز کو میدان میں اتارا ہے،جنوری 2019میں دورہ جنوبی افریقہ میں امام الحق کے ساتھ فخرزمان اور شان مسعود کوآزمایا گیا، نومبر میں میزبان آسٹریلیا کیخلاف شان مسعود کے ساتھ اظہر علی اور پھر امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، دسمبر میں سری لنکا سے سیریز میں عابد علی اور شان مسعود کو کھلایا گیا۔گذشتہ سال فروری میں بنگلادیش سے سیریز میں یہی جوڑی برقرار رہی، بعد ازاں اگست میں انگلینڈ جبکہ دسمبر، جنوری میں نیوزی لینڈ کیخلاف دونوں اوپنرز مکمل طور پر ناکام رہے،جنوبی افریقہ کیخلاف کراچی ٹیسٹ میں عابد علی کے ساتھ ڈومیسٹک پرفارمر عمران بٹ کو موقع دیا گیا لیکن دونوں ناکام رہے۔