کشمیریوں کی جاسوسی : سائبر قائم کرنے کا فیصلہ

Feb 08, 2021

سرینگر‘  جموں (کے پی آئی) بھارت فوج نے اپنے غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں آپریشن کے دوران 7 افراد کو پکڑ لیا۔ ان میں شہید بیٹے کی میت حوالے کرنے کا مطالبہ کرنے والے مشتاق وانی شامل ہیں۔ ادھر جموں و کشمیر پولیس  کے  ایس ایس پی شری دھر پاٹل نے دعوی کیا ہے کہ لشکر مصطفی، کشمیر میں جیش محمد کی ایک شاخ ہے۔ لشکر مصطفی کا چیف کمانڈر ہدایت اللہ ملک کو گرفتار کیا  گیا ہے۔ اس کے پاس سے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ جنوبی ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والے ہدایت اللہ ملک کو جموں کے کو نجونی گنگیال علاقے سے گرفتار کیا گیا۔  شہید کشمیر محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی برسی پر9  اور11  فروری  کو کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال کے موقع پر کاروبار زندگی معطل رہے گا۔ بھارت کے خلاف احتجاج  کیا جائے گا۔ بھارتی حکومت نے  شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کو11 فروری 1984 کو نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں پھانسی دے دی تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیئرمین سید علی گیلانی، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ اور دوسری تنظیموں نے شہید کشمیر محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی برسی پر 9  اور 11  فروری  کو  کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ بھارتی حکومت نے وادی  میں فور جی انٹر نیٹ کی بحالی کا اعلان کرنے کے بعد رضاکاروں کی سائبر فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رضاکاروں کی سائبر فورس، بھارتی حاکمیت کے خلاف عناصر اور بھارت دشمن سرگرمیوں کی نشاندہی کرے گی اور سائبر پولیس  سائبر جرائم کے مقدمات چلائے گی۔  رضاکاروں کی سائبر فورس بھارتی وزارتِ داخلہ کے انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر کے زیرِ نگرانی کام کرے گی۔

مزیدخبریں