اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی اور 3صوبائی اسمبلیوں کے اپوزیشن لیڈرز کرپشن ودیگر مقدمات کی زد میں ہیں جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز نے مقدمات کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے کیس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں جبکہ شہباز شریف اس وقت گرفتار ہیں۔ سند ھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ اور ان کے 70ساتھیوں کے خلاف سرکاری کام میں مداخلت، پتھرائو اور توڑ پھوڑ، اقدام قتل، اسلحہ کے زور پر اغوا، مالی نقصان، سرکاری ملازمین پر حملے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور منی لانڈرنگ کے کیس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں اور وہ بھی اپنے والد کی طرح جیل میں ہیں۔ خیبر پی کے اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی پر بھی اثاثہ جات کیس میں نیب کے سامنے متعدد بار پیش ہو چکے ہیں۔ اکرم خان درانی سے ہائوسنگ فاونڈیشن کے 2 منصوبوں میں مبینہ کرپشن پر بھی تفتیش جاری ہے۔