اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل (منگل کو) طلب کرلیاہے،وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی اقتصادی اور معاشی صورتحال پر غور ہوگا ، اجلاس میں پی ٹی ایم تحریک اور لانگ مارچ کی صورتحال پر غور ہوگا،وفاقی کابینہ اجلاس میں کرونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔وفاقی کابینہ اجلاس کا نو نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے،نئے چیئرمین اوگرا کی سمری منظوری کیلئے کابینہ اجلاس میں پیش ہوگی۔ایجنڈا کے مطابق ملک بھر میں 30نئی احتساب عدالتیں بنانے کی سمری منظوری کیلئے کابینہ میں پیش ہوگی، وزارت قانون سپریم کورٹ کے حکم پر نئی احتساب عدالتوں کی سمری پیش کریگی،آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق ٹاسک فورس کے چیرمین کابینہ کا بریفنگ دینگے، پبلک سیکٹر اداروں کے خالی سربراہوں اور سی ای اوز کی پوسٹوں پر بریفنگ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے ،ایجنڈا کے مطابق میٹرو بس پراجیکٹ پر وزارت مواصلات کابینہ کو بریفنگ دیگی،اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر کی تقرری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے،نان ٹریٹی ممالک کی جانب سے باہمی قانونی امداد کی درخواستوں کا معاملہ کابینہ میں پیش ہوگا،سی پیک پر کابینہ کمیٹی کے دو فروری کے فیصلوں کی توثیق ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے دو فروری کے فیصلوں کی توثیق کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس کل ،سیاسی اقتصادی اور معاشی صورتحال پر غور ہوگا
Feb 08, 2021