کراچی (کامرس رپورٹر ) بڑے ریٹیلرز کو اربوں روپے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی غیر قانونی ادائیگی کے معاملے پر ایف بی آر نے کمیٹی قائم کر دی ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر نے انکوائری کمیٹی گریڈ 20 کے افسر کی سربراہی میں قائم کر دی ہے، انکوائری کمیٹی معاملے کی ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔حکام کے مطابق پی او ایس سسٹم سے غیر منسلک بڑے ری ٹیلرز کی 60 فیصد ایڈجسٹمنٹ روکنا ضروری تاہم ایف بی آر نے مبینہ طور پر اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ریفنڈز جاری کر دیئے، انکوائری رپورٹ میں ثابت ہوگیا تو بڑے ری ٹیلرز سے رقم کی ریکوری کی جائے گی۔حکام ایف بی آرنے بتایاکہ ادا کردہ سیلز ٹیکس ریفنڈز کی مالیت کا تعین کیا جارہا ہے۔ریٹیلرز کے آئندہ ریفنڈز روک کر نقصان پورا کیا جائے گا۔ انکوائری کمیٹی تکنیکی خرابی یا دانستہ لاپرواہی کا پتہ لگائے گی۔ معاملے کی نشاندہی ایف بی آر کے اپنے انٹرنل کنٹرول سسٹم نے کی ہے۔حکام کے مطابق سیلز ٹیکس ریفنڈز ستمبر 2021ء سے جنوری 2022ء کے دوران جاری کیے گئے، جس کی مالیت کم از کم 9 ارب روپے یا زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔
اربوں روپے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی غیر قانونی ادائیگی:جانچ پڑتال کیلئے کمیٹی قائم
Feb 08, 2022