لاہور (سٹاف رپورٹر ) وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒاجمیری کے 810 ویں عرس کے حوالے سے منعقدہ ’’خواجہ اجمیر عالمی تصوف کانفرنس‘‘میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ وزارت مذہبی امور و اوقاف حکومت پنجاب کے زیر اہتمام دربار حضرت علی ہجویریؒ میںمنعقدہ کانفرنس میں شرکاء سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ پر اگر نظر دوڑائی جائے تو اہل تصوف کی جہد مسلسل کے واضح حقائق دیکھنے کو ملتے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ سلطان الہند خواجہ معین الدین چشتی ؒاجمیری ایک بہترین واعظ ،عالم باعمل صوفی اور زاہد تھے جنہوں نے اپنے اخلاق حسنہ اور بلند کردار سے خطہ پاک و ہند میں لوگوں کو ہدایت کی روشنی سے مالا مال کیا اور ان کے عقائد و اعمال کی اصلاح کی۔تاریخی حوالوں کے مطابق خواجہ صاحب کے دست حق پر کم و بیش 90 لاکھ ہندو مشرف بہ اسلام ہوئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد کو شیلڈ سے نوازا۔کانفرنس کے اختتام پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرساجد محمود شہزاد نیوزیر مذہبی امور و اوقاف پنجاب پیر سید سعیدالحسن ،سیکرٹری جواد اکرم اور ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کو خواجہ اجمیر عالمی تصوف کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
خواجہ معین الدین چشتی بہترین واعظ ،عالم، باعمل صوفی تھے،مقررین
Feb 08, 2022