اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے نور مقدم کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی تینوں درخواستیں خارج کردیں۔ ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے ملزم ظاہر جعفر کی تینوں درخواستوں کی سماعت کی جن میں سے ایک درخواست میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر نے جائے وقوعہ کا نقشہ پلان درست انداز میں نہیں بنایا۔ دوسری درخواست میں کہا گیا کہ موبائل نمبر کی اونرشپ معلوم کرنے کے لیے احکامات جاری کیے جائیں، یہ موبائل نمبر نور مقدم کا نہیں بلکہ اس کی والدہ کے زیر استعمال تھا، تیسری درخواست آئی جی اسلام آباد پولیس احسن یونس کے خلاف تھی کہ پولیس نے نور مقدم کیس میں سوشل میڈیا پر وضاحت کیوں جاری کی۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کے خلاف درخواست خارج کردی۔ عدالت نے تفتیشی افسر اور جائے وقوعہ کا وزٹ کرنے سے متعلق دوسری درخواست بھی خارج کردی۔ عدالت نے موبائل نمبر کی اونرشپ معلوم کرنے سے متعلق تیسری درخواست بھی خارج کردی۔