اسلام آباد (خبر نگار، نوائے وقت رپورٹ) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 38 افراد انتقال کر گئے۔ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 44779 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3338 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.45 فیصد رہی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں صرف تین دن میں ویکسین کی 50 ہزار خوراکیں لگا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سفرکیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں جن کے مطابق باہر جانے والوں کو پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ دکھانا لازمی ہو گا۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک بھر میں 18لاکھ سے زائد ویکسین لگائی گئی۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں 18لاکھ 42ہزار 955ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں۔ ملک میں 18 کروڑ59 لاکھ 16 ہزار838 ویکسین خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 5 لاکھ 52 ہزار 262 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کل اموات 7 ہزار 905 ہو گئیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 89 ہزار 655 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 252 ہو چکی ہیں۔کرونا وائرس چھوٹے بچوں کے لئے بھی ہولناک رہا اور گزشتہ سال کے دوران 59 بچے عالمی وبا کا شکار ہوگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں کرونا کے باعث نومولود سے دس سال تک بچوں کی اموات ہوئیں، نومولود سے 10 سال تک کے اب تک 100 بچے کرونا کے باعث اموات کا شکار ہو چکے۔ این سی او سی کے مطابق 10 سال تک کے بچوں سے سب سے زیادہ اموات مارچ 2021 سے نومبر 2021 کے دوران ہوئی، مارچ تا نومبر 2021 کے دوران کرونا سے 59 بچوں کا انتقال ہوا۔ فروری 2021 تک 36 بچوں کا کرونا سے انتقال ہوا تھا جبکہ پانچویں لہر کے دوران نومولود سے 10 سال تک کے تین بچے جان سے گئے۔ بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 83 ہزار 876 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ چینی خبر رساں ادارے نے بھارتی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 895 اموات ہوئیں۔ این سی او سی نے لاہور میں 10 تا 12 مارچ کو نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد کی اجازت دے دی۔ شو میں 100 فیصد گنجائش کے ساتھ مکمل ویکسی نیٹڈ افراد شرکت کرسکیں گے۔ بارہ سال سے کم عمر غیر ویکسین شدہ بچے بھی ہارس اینڈ کیٹل شو میں آسکیں گے۔