اسلام آباد +ڈیرہ اسماعیل خان(خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) الیکشن کمشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور نے الیکشن کمیشن سے ضلع بدر نہ کرنے کی درخواست کی۔ الیکشن کمشن نے علی امین گنڈاپور کو ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دے دیا۔ عمر امین گنڈاپور میئر ڈیرہ اسماعیل خان کے امیدوار ہیں۔ الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا جس کے باعث وہ کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ واضح رہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ضلع بدر کرتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف انہوں نے اپیل دائر کی تھی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار عمر امین گنڈا پور ڈی آئی خان سٹی میئر کی نشست پر الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔ تاہم الیکشن کمشن نے علی امین گنڈا پور کے ڈیرہ اسمعیل خان جانے پر پابندی ختم کر دی ہے اور کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور گھریلو تقریبات میں شریک ہو سکیں گے۔دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمر امین گنڈاپور کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ واضح طور پر مولانا فضل الرحمن کو ڈی آئی خان میں شکست کا سامنا تھا۔ ایسے میں تحریک انصاف کے امیدوار کو نااہل قرار دیا گیا، ایسے فیصلے الیکشن کمشن کو متنازعہ بناتے ہیں۔
ضابطہ اخلاق:گنڈا پور کے بھائی عمر اہل،وفاقی وزیر کی ضلع بدری واپس
Feb 08, 2022