اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میں جگر کی بیماریوں کے مسلسل کامیاب علاج اور پیوند کاری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر پروفیسر رحیم بخش بھٹی، ڈاکٹرو ں اور عملے کومبارکباد دی ہے۔ سابق صدر نے ایک خاتون کی طرف سے اپنے خاوند کے لئے جگر کا عطیہ دینے کے عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسا جذبہ معاشرے کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میں پروفیسر رحیم بخش بھٹی کی نگرانی میں قابل ڈاکٹر اور عملہ انسانیت کی خدمت کر رہا ہے اور ہسپتال سے سینکڑوں مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ الحمدللہ سندھ حکومت عوام کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ سندھ میں دل، جگر، گردوں اور کینسر کی بیماریوں کا فی سبیل اللہ علاج ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر ادیب رضوی جیسے عظیم انسان سندھ پر اللہ تعالیٰ کا احسان اور رحمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے صحت، تعلیم اور روزگار پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور ہے۔ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر سندھ کے این آئی سی وی ڈی جیسے ادارے پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی قائم کرے گی تاکہ عوام کو مفت علاج کی سہولیات مہیا ہو سکیں۔
زرداری کا گمبٹ انسٹیٹیوٹ میں جگر کاعلاج،پیوند کاری پر اظہار مسرت
Feb 08, 2022