سپیکرقومی اسمبلی کی زیر صدارت پاک افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کا اجلاس

Feb 08, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قومی سلامتی پر سمجھوتہ کیے بغیر ہمسایہ ممالک کیساتھ تجارت اور رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان افغانستان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے 12ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی کو وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے افغانستان بین الوزارتی سیل کے تحت افغانستان کے ساتھ تجارت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ مشیر قومی سلامتی نے بتایا کہ 6ماہ سے بھی کم عرصے میں تجارت سے متعلق 200 سے زائد مسائل حل ہو چکے ہیں اور دونوں فریق تمام تجارتی معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے لیے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ افغانستان کے ساتھ بارٹر تجارت کی تجویز، ویزہ کی سہولت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے علاوہ تجارت اور رابطوں سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے تجارت میں بہتری اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے لیے متعدد تحفظات اور سفارشات کا اظہار کیا۔ اسپیکر اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے ان کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ پاک افغان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور افغانستان بین الوزارتی رابطہ سیل (AICC) کو پڑوسی ممالک بالخصوص افغانستان کے ساتھ مل کر تجارت بڑھانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ اجلاس میں پاک افغان فرینڈ شپ گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور تمام متعلقہ وزارتوں اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

مزیدخبریں