سیاسی سرگرمیاں تیز


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ)  عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو حکم دیا ہے کہ سب تبدیلی کے لئے سیاسی میدان میں اترنے کی تیاری کرلیں۔ جلسوں، ریلیوں کا شیڈول بنائیں۔ ہم بلدیاتی انتخابات میں عوام کو تبدیلی کے عمل میں ساتھ لے کر چلیں گے۔ اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے۔  عوام کے پاس پی ٹی آئی کے سوا کوئی بہتر آپشن نہیں۔ چوروں کے بارے میں بھی قوم کو بتائیں گے۔ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جب بھی احتساب شروع ہوا سب چور اکٹھے ہو جائیں گے۔ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے شہباز شریف کے چار ارب نکلے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز پی ایم آفس میں تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب  میں کیا۔ سی ای سی میں تمام صدور کی جانب سے اپنی اپنی رپورٹ پیش کی گئی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے پارٹی کے تمام صدور سے کہا کہ وہ  15 روز میں تمام تنظیمیں مکمل کرلیں۔ اس کام کے لئے یہ ڈیڈ لائن ہے۔ پارٹی کا مستقل پارلیمانی بورڈ بھی بنا دیا گیا ہے۔ ہم عوامی رابطے پر نکلیں گے۔  تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے صحافیوں کو بریفنگ میں کہا  ارکان  پارلیمنٹ اور پارٹی کارکنوں کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عوام میں آ کر حکومت کی کارکردگی اور ترجیحات شیئر کریں۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے سیاسی جدوجہد میں  بڑے بڑے عوامی اجتماعات کیے ہیں۔  اضلاع کی سطح پر پارٹی ورکرز کنونشن  ہونگے۔ وزیراعظم بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ 9 فروری کو عمران  فیصل آباد کا دورہ کرینگے جہاں ہیلتھ کارڈ تقسیم کرنے کا آغاز کریں گے۔ سی ای سی نے وزیراعظم کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ کچھ لوگ تصاویر ڈھونڈ رہے تھے، جہاں ملکی سلامتی کی بات ہو تو بغض اور حسد نہیں ہونا چاہئے۔ جو کہتے تھے کہ سی پیک منصوبہ سست ہوا ہے انہیں بری طرح ناکامی ہوئی ہے۔ اس دورے سے پاک چین تعلقات مزید بہتر ہونگے۔ براہ راست سرمایہ کاری آئے گی، براہ راست فائدہ پاکستان کے عوام کو ہوگا۔ لوٹ کھسوٹ ٹولہ، تیتر بٹیر کی دعوتیں اڑاتے پھر رہے ہیں۔  عمران  کی وجہ سے ان کی ملاقاتیں ہورہیں ہیں، کبھی ایک دوسرے کو گھسیٹنے کی بات ہوتی رہیں ان کا کیا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ پاکستان یا عوام کے مفاد کے لئے اس میں کچھ ہے۔ او آئی سی کا اجلاس ہونے جارہا ہے، اس موقع پر لانگ مارچ کی بات کرنے والے بتائیں اپنی ذاتی سلامتی عزیز ہے یا ملکی سلامتی عزیز ہے۔ ہمیں لانگ مارچ، احتجاج سے کوئی خوف نہیں ہے۔ ساڑھے سات ارب کا شہباز شریف کا نیب کے پاس جبکہ  16ارب کا ایف آئی اے میں شبہاز  کا کیس چل رہا ہے۔ پی ڈی ایم لاہور سے ٹائیں ٹائیں فش فش ہوگئی تھی۔ذرائع کے مطابق پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے دورہ چین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وفاق وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی سی پیک خالد منصور نے دورہ چین میں ہونے والے معاہدوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی مل رہی ہے۔ چین سیاسی اور جغرافیائی امور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ چین پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین نے مسئلہ کشمیر، افغان معاملے پر پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔ چینی قیادت سے ملاقاتیں کامیاب رہیں جن کا پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ موجودہ سیاسی صورتحال پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان میں کرپٹ ٹولہ ذاتی مفادات کی سیاست میں لگا ہے۔ شہبازشریف کے اربوں روپے کی کرپشن کے ’اوپن اینڈ شٹ‘ کیسز ہیں، ان کی کرپشن پر خاموشی جرم ہے۔ جس جس نے کرپشن کی اسے بے نقاب کرتے رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...