اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان کے مایہ ناز گالفر محمد شبیر نے اکتالیوسیوں چیف آف دی ائیر سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ ان کا اسکور 268 (20 انڈر پار) رہا۔ انصار خالد نے 281(7 انڈر پار) کے مجموعی سکور کے ساتھ دوسری جبکہ خالد خان نے 284 (4 انڈر پار) کے مجموعی سکور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 41ویں چیف آف دی ایئر اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب ایئرمین گالف کلب اینڈ ریکریشنل پارک کورنگی کریک، کراچی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل سید صباحت حسن، ائیر آفیسر کمانڈنگ، ائیر ڈیفنس کمانڈ تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے فاتح کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے ایونٹ کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنانے پر ایئر مین گالف کورس کی انتظامی کمیٹی اور حکام کو سراہا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ دیگر کھیلوں سمیت گالف کے فروغ کو بھی جاری رکھے گی۔چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 106 پروفیشنل گالفرز سمیت 300 سے زائد گالفرز نے شرکت کی۔ ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم پر مبنی چیمپئن شپ ملک کے مشکل ترین گالف کورس میں چار دن تک 18 ہولز پر کھیلی گئی۔ چیف آف دی ایئر سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 1977 میں متعارف کرائی گئی تھی اور تب سے اس چیمپئن شپ کو پی جی ایف اور پی اے ایف کے سالانہ کھیلوں کے کیلنڈرز میں ایک خصوصی اہمیت حاصل ہے۔