لندن (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے سابق معاون اور پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر کو سسٹم کی سمجھ نہیں تھی۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں ذلفی بخاری نے کہا کہ شہزاد اکبر کی احتساب میں ناکامی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ شہزاد اکبرکی ٹیم اچھی نہیں تھی یا وہ اچھے قانون دان ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہم سے توقعات تھیں کہ ہم لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے۔ پیسہ نہیں تو کم از کم نواز شریف کو واپس لانے میں کامیاب ہوں گے۔ ان کے لئے بعض لوگوں نے ساڑھے تین سال سب اچھا ہے کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ شہزاد اکبرکے زبردست کام کی رپورٹس وزیراعظم کو پیش کرنے والوں کی بھی چھٹی ہونی چاہیے جب کہ صرف شہزاد اکبرکو احتساب کی ناکامی کاذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہو گا۔ اب ایسٹس ریکوری کے نئے سربراہ سے توقع ہے کہ وہ احتساب کا عمل یقینی بنائیں گے۔ عدالتی اصلاحات کا بروقت نہ ہونا ہماری کمزوری ہے، جسے تسلیم کرتے ہیں۔