اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ لوٹ کھسوٹ ٹولہ تیتر بٹیر کی دعوتیں اڑاتا پھر رہا ہے۔ عمران خان کی وجہ سے ان کی ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ کبھی ایک دوسرے کو گھسیٹنے کی بات ہوتی رہی، ان کا کیا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ پاکستان یا عوام کے مفاد کے لئے اس میں کچھ ہے؟۔ او آئی سی کا اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ ایسے موقع پر لانگ مارچ کی بات کرنے والے بتائیں انہیں ذاتی سلامتی یا ملکی سلامتی عزیز ہے، ہمیں لانگ مارچ، احتجاج سے کوئی خوف نہیں ہے۔ ساڑھے سات ارب کا شہباز شریف کا نیب کے پاس جبکہ 16ارب کا ایف آئی اے میں شبہاز کا کیس چل رہا ہے۔ اپنی ساڑھے تین سالہ کارکردگی عوام کے سامنے لے کر جا رہے ہیں۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام صدور نے اپنی کارکردگی کی رپورٹس پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کرنے کے لئے پارٹی صدور کو15 دن کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ پارٹی کا مستقل پارلیمانی بورڈ بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم لاہور سے ٹائیں ٹائیں فش فش ہو گئی تھی۔
لوٹ کھسوٹ ٹولہ تیتر بٹیر کی دعوتیں اڑا رہا، لانگ مارچ سے خوف نہیں: فرخ حبیب
Feb 08, 2022