کراچی(نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے سندھ اسمبلی میں با اختیار بلدیاتی قانون کا مسودہ اسمبلی میں جمع کروادیا۔ اراکین کا آنے والے اجلاس میں مسودہ زیر بحث لانے کا مطالبہ۔ مسودہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل و پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان،، صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار، راجہ اظہر، رابعہ اظفر، سدرہ عمران، عباس جعفری، شہزاد قریشی، کریم بخش گبول، علی جی جی، ڈاکٹر سنجے، رمضان گھانچی سمیت دیگر اراکین نے جمع کروایا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی صوبے کے ساتھ مخلص ہے تو ہم بیٹھ کر بات کرنے کے لئے تیار ہیں۔ جو بل ہم نے ڈیڑھ سال پہلے پیش کیا تھا انہوں نے اسے زیر بحث نہیں آنے دیا۔ اسمبلی میں سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہم نے آج اسمبلی میں ایک بااختیار نظام کا بل جمع کروایا ہے۔ ہم پارٹی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی کے مشکور ہیں، بل کی تشکیل دینے میں فردوس شمیم نقوی کا اہم کردار ہے۔ ہمارا بل صرف کراچی کیلئے نہیں بلکہ سندھ کے ہر شہر کیلئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں تین مسترد جماعتوں نے تماشہ لگایا ہوا ہے۔ اس ملک کا دیوالیہ نکالنے میں ان دونوں جماعتوں کا کردار ہے۔ سپریم کورٹ سے درخواست کروں گا کہ ٹی ٹی کیس پر جلد فیصلہ سنائیں۔ پی ٹی آئی تیار ہے سندھ میں 2023 میں حکومت بنائیں گے۔ جماعت اسلامی اور پی پی ساتھ الیکشن لڑیں گے، یہ پیپلز پارٹی کا نیا ایجنڈا ہے۔ یہ جماعتیں وفاق کیخلاف منصوبہ بندی کررہی ہیں۔ سڑک چھاپ لوگوں کے ساتھ ڈیل کی جارہی ہے۔ ایک صاحب کے گھر کے سامنے سڑک بنائی جارہی ہے۔ کراچی میں ترقیاتی کام پی ٹی آئی نے کروائے، یہ ذمہ داری ہماری نہیں تھی۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ میں اسد عمر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسد عمر نے کراچی کا بیڑا اٹھایا،اسد عمر کے فور مکمل کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔ کراچی میں اب رات کو ٹریفک نظر نہیں آتی۔ علی زیدی نے فریڈ کوریڈور مکمل کرلیا ہے۔ آج عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کررہا ہے،مشکل وقت ہے مگر ٹل جائیگا۔ پی پی، جماعت اسلامی، پی ایس پی ایک دوسرے کی اے بی اور سی ٹیم ہے۔ ہم نے عوام کو بتایا کے آرٹیکل 140اے کی اہمیت کیا ہے۔ آصف زرداری کو بار بار لوگوں کو بیوقوف بنانے نہیں دیں گے۔
پی ٹی آئی ارکان نے با اختیا بلدیاتی قانون کا مسودہ سندھ اسمبلی میں جمع کرادیا
Feb 08, 2022