کراچی(نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت کا کامیاب جوان پروگرام کراچی پہنچ گیا ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے شہر قائد پہنچ کر اعلان کیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کا منصوبہ لے کر کراچی آئے ہیں۔ منگل کو وہ سندھ اسمبلی میں اعداد و شمار کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا ہم ایک ہفتے کا منصوبہ لے کر کراچی آئے ہیں، سندھ میں کامیاب جوان پروگرام کو دو مراحل میں پورا کیا جائے گا، وزیر اعظم کی خاص ہدایت ہے کہ سندھ کے نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑنا، ایک ہفتے کا پلان ہے، پہلے فیز میں ایک ہفتہ رکیں گے۔ انھوں نے کہا ہم نے یہ کبھی نہیں سوچا سندھ میں ہماری حکومت نہیں ہے، وفاق اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، صحت کارڈ سے سندھ کے لوگ بھی مستفید ہونے چاہئیں، ہم سندھ حکومت کی تکلیف کو سمجھتے ہیں، تعلیم اور صحت کے معاملے پر سندھ کے لوگوں کو نظر انداز کیا گیا، سندھ حکومت کے ایسے کیسز سامنے آ رہے ہیں کہ اسکولوں کا حال تباہ ہو چکا ہے۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو وفاق کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہیے، احساس پروگرام یا نیا ہاؤسنگ اسکیم ہو، ہمارے تمام فلاحی پروگرام عوام کے لیے ہیں، ان کے ثمرات سندھ کے لوگوں تک پہنچائیں گے، سندھ حکومت کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اور صحت کارڈ پر وفاق کا ساتھ دینا چاہیے۔
وفاقی حکومت کا کامیاب جوان پروگرام کراچی پہنچ گیا
Feb 08, 2022