کراچی(نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا سے پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو خالی کرائیں گے، شہر کے تمام پارکس اور کھیل کے میدان عوام کی امانت ہیں جو انہیں واپس دے رہے ہیں، نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قوم کے لئے خدمات کے اعتراف میں کلفٹن میں موجود پارک کو ان کے نام سے منسوب کردیا ہے، کلفٹن بلاک 2کے مکینوں کو اس پارک کے بننے سے معیاری تفریحی سہولیات میسرآئیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح ضلع جنوبی کلفٹن میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان پارک کے افتتاح کے موقع پر کیا، واٹر بورڈ کے وائس چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے رہنماء نجمی عالم، ضلع جنوبی کے جنرل سیکریٹری کرم اللہ وقاصی، عمران بروہی، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ جنوبی کراچی ڈاکٹرافشاں رباب سید، میونسپل کمشنر اختر شیخ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کلفٹن میں ہی واقع سینئر سٹیزن فیملی پارک اور گیبریل پارک صدر کا بھی افتتاح کیا، یہ تینوں پارک ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی نے تزئین و آرائش کرکے بحال کئے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آج سے چند ماہ پہلے تک یہ پارکس کچرے کاڈھیر تھے اور یہاں کچرا کنڈی بنا دی گئی تھی جس پر لینڈ مافیا کا قبضہ تھا، ہم نے ان کھلی جگہوں سے قبضہ ختم کرایا اور چند ماہ کے اندر وہی جگہ جس پرلوگ قابض تھے، خوبصورت پارکس اورپلے گرائونڈ بن گئے ہیں، جہاں بچوں کے گیمزکابھی بندوبست کیاگیا ہے تاکہ انہیں کھیلنے کے لئے موزوں جگہ میسر آسکے،انہو ںنے کہا کہ اس کے لئے کوئی نئے اختیارات اورفنڈزنہیں ملے صرف کام کرنے کا فرق ہے، علاقہ مکینوں کوبڑی تکلیف تھی اطراف میں سڑکیں بھی بنی تھیں، اس حلقے سے نجمی عالم ہارے تھے اور اس علاقے پردعویٰ کوئی اورشخص کرتا ہے، انہوں نے کہاکہ لوگ پوچھتے ہیں پارکس کیوں بنارہے ہیں میں کہتاہوں کراچی کے ماسٹرپلان میں ہرعلاقے کوبہترڈیزائن کیاگیاتھا لیکن بعد میں مختلف علاقے کمرشلائزڈ کردیئے گئے، جس سے پلاننگ متاثر ہوئی، پارکس اور کھیل کے میدانوں پر قبضہ کیا گیا جس سے شہر کا حلیہ بگڑ گیا اور لوگ تفریحی سہولیات کو ترس گئے، شہریوں کی اسی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کراچی کے مختلف اضلاع میں پارکو ں اور پلے گرائونڈز کی بحالی کاکام شروع کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ شہر کے بنیادی انفرا سٹرکچر بشمول سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی ہورہی ہے، ہم ملیر15،کالابورڈ ،لیاری اور دیگر علاقوں کی سڑکیں بنا رہے ہیں، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ہوگی اور ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹا جاسکے گا، انہوںنے کہا کہ کراچی کوسرسبز اور ماحولیاتی اعتبار سے بہتر بنانے کے لئے شجر کاری کی مہم بھی جاری ہے جس کے تحت شہرکے مختلف اضلاع میں کھلے مقامات پر اور سڑکوں کے اطراف روایتی سایہ دار پودے لگائے جائیں گے اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ان کی حفاظت و آبیاری کا انتظام کیا جائے گا، دنیا کے بڑے اور صنعتی شہروں کو ماحول دوست بنانے کے لئے مختلف اقدامات کئے جاتے ہیں کراچی بھی دنیا کے بڑے شہروں میں شامل ہے لہٰذا اس کی ضروریات کے مطابق فضائی آلودگی میں کمی لانے کے لئے کام جاری ہے، شہر میں لگائے جانے والے پودے کل سایہ دار شجر کی شکل اختیار کرکے مختلف علاقوں کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہری سہولیات کو بہتر اور جدید خطوط پر آراستہ کیا جارہا ہے، جس کے ثمرات شہریوں کو حاصل ہوئے ہیں، شہر کے وسط میں پیپلزاسکوائرپرتعطیل والے دن پندرہ سے بیس ہزارتک لوگ اپنی فیملی کے ہمراہ آتے ہیں، دیگر مقامات کو بھی اسی طرز پر ترقی دیں گے اور کراچی میں تعمیر وترقی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
کلفٹن میں موجودہ پارک ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام سے منسوب
Feb 08, 2022