تھانہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے محرر انویسٹی گیشن معطل 

Feb 08, 2022

لاہور(نامہ نگار)ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور نے محرر انوسٹی گیشن قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کو شہری شہباز کو 6گھنٹے حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کرنے پر معطل کر دیا اور ایس پی صدر کوانکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں۔ متاثرہ شہری کے والد نے ایس پی انوسٹی گیشن کو درخواست دی تھی کہ اس کا بیٹا شہباز ٹاؤن شپ میں ایک موٹرسائیکل شوروم پر کام کرتا تھا، 6ماہ قبل اس نے نوکری چھوڑ دی اس دوران وہ جہاں بھی نوکری کے لیے جاتا اس کا سابق مالک اشفاق اسے کام سے نکلوا دیتا تھا۔ چند روز قبل اس کے بیٹے  نے ایک دجان پر کام شروع کیا۔ جس کا اشفاق کو رنج تھا اس نے اپنے دوست شکیل جو کہ تھانہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں محرر تعینات ہے کے ذریعے تھانے بلوایا، جہاں محرر نے شہباز کو حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور دھمکی دی کہ اگر اس نے یہ نوکری جاری رکھی تو وہ اسے کسی مقدمے میں نامزد کرکے جیل بھجوا دے گا۔ اس درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے محرر کو معطل کر دیا ہے۔

مزیدخبریں