لاہور ( سپورٹس رپورٹر) ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی کے ہیڈ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم باری کو پی سی بی میں اہم ذمے داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔73 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم باری پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکٹ کیپنگ کنسلٹنٹ مقررکر دیئے گئے ہیں، اس سے قبل وہ ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی کے ہیڈ تھے۔رپورٹ کے مطابق وسیم باری ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔وسیم باری اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ میں مختلف عہدوں پر اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں ہیں جن میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز، چیف سلیکٹر اور رکن سلیکشن کمیٹی بھی شامل ہیں۔وسیم باری وکٹ کیپر اور دائیں ہاتھ کے بلے باز تھے،انہوں نے پاکستان کیلئے 81 ٹیسٹ اور 51 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے، اپنے 17 سالہ کیریئر کے اختتام پر وہ پاکستانی ٹیسٹ تاریخ کے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی تھے۔