آئی سی سی انڈر 19 کی بہترین ٹیم میں 2 پاکستانی کھلاڑی شامل

لاہور (پی پی آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے بعد بہترین ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ انڈر 19 ورلڈ کپ ٹیم میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ حسیب اللہ خان اور اویس علی کو آئی سی سی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے۔حسیب اللہ خان نے بلے سے بہترین پرفارمنسز دیں اور وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں ایک ورلڈ کپ میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔انہوں نے زمبابوے U19 کے خلاف 135 رنز بنائے اور اس کے بعد سری لنکا کے خلاف پلے آف مقابلے میں 136 رنز کی اننگز کھیلی۔ حسیب اللہ نے بنگلہ دیش انڈر 19 کے خلاف 79 رنز کی فیصلہ کن اننگز بھی کھیلی جسے بالآخر پاکستان نے 6 وکٹوں سے جیت لیا۔مجموعی طور پر حسیب اللہ 76 کی اوسط سے 380 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے۔اویس علی نے 15 وکٹوں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی کے طور پر ٹورنامنٹ کا اختتام کیا۔
 ان کی بہترین پرفارمنس زمبابوے کیخلاف 56 کے رنز عوض 6 وکٹیں لینا رہیں جب کہ افغانستان کیخلاف انہوں نے 36 رنز دیکر 3 اور بنگلہ دیش کیخلاف 52 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھارت کے یش دھل کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت نے انگلینڈ کو انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بھارت کی ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل پانچویں بار اپنے نام کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن