راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر مرضیہ سلیم نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کو اس سال سر اٹھانے کا موقع نہیں دینا چاہئے لہذا ڈینگی لاروا سرویلنس کے عمل کو تیز کیا جائے اور تمام ہاٹ سپاٹس کی مستقل بنیادوں پر نگرانی کی جائے اور نئے ہاٹ سپاٹس کا بھی تعین کیا جائے،یہ بات انہوں نے ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں تمام محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔مرضیہ سلیم نے کہا کہ لاہور میں رواں برس کے دوران ڈینگی کے 16 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں لہذا راولپنڈی میں ڈینگی کے پھیلنے کے امکانات کو کم کرنے کیلئے فوری طور اقدامات کئے جائیں، گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ضلع بھر میں ڈینگی کے 91 فیصد ہاٹ سپاٹس کا معائنہ ہو سکا ہے جبکہ 615 ایسے ہاٹ سپاٹ ہیں جن کا ڈینگی لاروا کے حوالے سے معائنہ نہیں ہو سکا لہذا فوری طور پر فیلڈ سٹاف کو متحرک کیا جائے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکموں کی انفرادی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہ ہو گی،تمام متعلقہ محکمے اپنے مائیکرو پلان از سر نو ترتیب دیں اور ڈینگی کنٹرول کی تمام کاروائیوں کو نتیجہ خیز بنایا جائے۔