راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامر س کے صدر ندیم رئوف نے کہا ہے کہ انڈسٹری اکیڈیمیہ رابطے بڑھاناوقت کی اہم ضرورت ہے۔ تحقیق، جدت اور مارکیٹنگ کے ذریعے ہی جدید دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رئوف نے نسٹ یونیورسٹی کے دورے کے مو قع پر پرو ریکٹر ڈاکٹر رضوان ریاض سے ملاقات میں کیا۔ ان کے ہمراہ ایگزیکٹو ممبر راجہ عمر اقبال بھی تھے۔ صدر چیمبر نے جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے پروگراموں پر مختصر بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر نے بیس سے زائد یونیورسٹیوں کے ساتھ ایم او یوز کر رکھے ہیں جن کا مقصد انڈسٹری کے ساتھ رابطے مضبوط کرنا اور انٹر پرنیورشپ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کی ترقی کے لیے نئے اور اچھوتے آئیڈیاز کو اپنایا جا رہا ہے۔پرو ریکٹر ڈاکٹر رضوان ریاض نے راولپنڈی چیمبر کے وفد کو انسٹی ٹیوٹ کے ڈیپارٹمنٹ RICکے اغراض مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے یونیورسٹی کا شعبہ آر آئی سی تحقیق اور جدت کے اصولوں پر کاربند ہے تاکہ مقامی سطح پر ماہرین کی کھیپ تیار کی جاسکے اور قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے۔
کاروبار کی ترقی کیلئے اچھوتے آئیڈیاز کو اپنایا جا رہا ہے، ندیم رئوف
Feb 08, 2022