ملک اندرونی وبیرونی سازشوں کا مسکن بن چکا،شاہدفراز 

Feb 08, 2022

کراچی(نیوز رپورٹر) مہاجرقومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئر مین شاہد فراز نے آفاق احمد کی رہا ئشگا ہ پر ہائی کورٹ سندھ سے آئے وکلا کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان ایک مشکل اور کٹھن دور سے گزر رہا ہے ایسے میں تمام قوم کیلئے ملکی سلامتی و خودمختاری اہم ہونا چاہیے۔ شاہد فراز نے کہا کہ ملک اندرونی وبیرونی سازشوں کا مسکن بن چکا ہے جس سے نمٹنا آسان نہ ہوگاآج ملک میں سیاسی عدم اعتماد اور معاشی و اقتصادی بحران اپنے عروج پر ہے جبکہ سرحدی علاقے دشمن کا آسان ہدف بنے ہوئے ہیں ایسے میں آپسی اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک قوم ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روزلائن آف کنٹرول پر پانچ پاک افواج کے جوانوں کی شہادت قومی سانحہ ہے جسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،گزشتہ روز افغان سرحد پرسرحدی قوانین کی خلاف ورزی کی واردات کوئی پہلا واقع نہیں بلکہ معصوم شہریوں اور جوانوں کی شہادت معمول بن چکا ہے چاہیے وہ افغان سرحدی علاقہ ہو یا بھارتی سرحدی علاقہ، لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ اور دنیا بھر میں امن قائم کرنے والی قوتوں کی خاموشی معنی خیز ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی قوم پاک افواج کے ساتھ ہے اور کسی بھی بیرونی طاقت نے ملک کیخلاف بری نظر سے دیکھا بھی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائیگا ہماری مفاہمت کی پالیسی کو کمزوری سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی استحکا م کیلئے داخلی و خارجی پالیسیوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے جس میں تمام قوم کو اعتماد میں لیکر ملکی سطح کے فیصلے لینا ہونگے۔

مزیدخبریں