خاص مشن کے تحت وطن میںسیکولرازم کو پر موٹ کیا جا رہا ہے:سعید کلیروی

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)وطن عزیز میں ایک خاص مشن کے تحت سیکولرازم کو پر موٹ کیا جا رہا ہے ،نوجوان نسل بالخصوص سکولز و کالجز کے طلبہ کو مغربی تہذیب اور ثقافت کے طرف دھکیلا جا رہا ہے،لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ سیکولر عناصر کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی،کیوںکہ دینی مدارس اسلام کا قلعہ اور وطن عزیز کی نظریاتی شناخت کے محافظ ہیں، ان خیالات کا اظہار مرکز ی جمعیت اہلحدیث گوجرانوالہ کے امیر علامہ پروفیسر محمد سعید کلیروی، جامعہ محمدیہ گوجرانوالہ کے مہتمم صاحبزادہ حافظ محمد عمران عریف، موٹیویشنل سپیکرمولانا محمد سلیم رؤوف اور ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر محمد صارم نے جامعہ محمدیہ کی سالانہ بخاری کلاس کے طلبہ کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد صارم نے کہا کہ علما کرام اور دینی مدارس نئی نسل کو دین سے روشناس کرانے اور قر آن وسنت کی تعلیم دینے کیلئے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے نصیحت کی کہ طلبہ مدارس دینیہ نوجوان نسل کو سیکولرزم اور لبرلزم کے نام پر بڑھتے الحاد کے جال سے بچانے کیلئے وسعت مطالعہ،بلند فکری اوراسلاف کی کاوشوں کو رہنما بنائیں،مولانا سلیم رؤوف نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اس لئے قطعی طور پرپاکستان کو سیکولر ریاست نہیں بننے دیا جا ئے گا، اس مقصد کیلئے سب سے بڑی ذمہ داری مدارس دینیہ کے طلبہ کی ہے ان ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونا آپکے لئے چیلنج ہے۔ تقریب میں جامعہ محمدیہ کی مجلس عاملہ کے اراکین میاں عبد الرشید، میر محمد جمیل، میاں جمیل الرحمان اپل، چئیر مین شارجہ سٹی حافظ رضاء اللہ رؤوف، ناظم مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی مولانا محمد ابرار ظہیر، مولانا میاں محمد سلیم شاہد، مولانا میاں مجیب الرحمان، حافظ عبد الشکور شیخوپوری اور دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن