نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) محلہ رحمت پورہ میں گیس کا چولہا جلا کر سوتے ہوئے تین بچوں کی ماں جل کر جاں بحق،نعش نا قابل شناخت ہو گئی، بتایا گیا ہے کہ 35سالہ متوفیہ صباء کا خاوند تجمل حسین جو محنت مزدوری کیلئے منڈی بہاوالدین گیا تھا رات کو متوفیہ تین بچوں کے ساتھ کمرے میں سوئی اور سردی سے بچنے کیلئے گیس کا چولہا جلا لیا رات گئے چولہے کی آگ اسکی چارپائی کو لگی اور صباء بری طرح جھلس کر کوئلہ بن گئی جبکہ اسکے ساتھ سوئی اسکی بیٹی اور دوسری چارپائی پر سوئے دوبچے کمرے میں دھواں جمع ہونے کے باوجود معجزانہ طور پر محفوظ رہے. واقعہ کی اطلاع پا کر نوشہرہ ورکاں پولیس موقع پر پہنچی تو متوفیہ کے خاوند تجمل حسین اور والد محمد رمضان نے اس واقعہ کو اتفاقیہ واقعہ قرار دیتے ہوئے کسی پر شک ظاہر نہیں کیا۔