وزیراعلی بلوچستان جلد لورالائی کیلئے ترقیاتی پیکچ کااعلان کرینگے: محمد خان

لورالائی(نامہ نگار) پارلیمانی سیکرٹری برائے انڈسٹریز حاجی محمد خان طور اوتمانخیل نے بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کے اوائل میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو ہماری دعوت پر لورالائی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور یہاں نارتھ بلوچستان کے لیے چار سو ارب روپے پیکیج کا اعلان کریں گے۔ جلسہ عام میں بارکھان، کوہلو، زیارت، دکی ،ڑوب ، شیرانی ، موسیٰ خیل اور لورالائی کے اراکین اسمبلی،وزراء اور کارکن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکن اور عہدیدار شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انقلابی پیکیج چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو، صوبائی وزراء حاجی نور محمد دمڑ، مٹھا خان کاکڑ، سردار مسعود خان لونی اور ہماری کوششوں سے منظور ہوا ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ اس پیکیج میں تعلیم، صحت، مواصلات، زراعت ، ڈیمز اور دیگر اہم شعبوں کے لیے پراجیکٹس شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن