پنجاب میں ٹریفک  چالان کا ڈیلی کو ٹہ ختم ، بھکاری مافیا کیخلاف بلا امتیاز کارروا ئی ہو گی : محسن نقوی 


لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور سمیت پنجاب میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے بڑے فیصلے کئے ہیں۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک چالان کرنے کا ڈیلی کوٹہ ختم کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے کی روش ختم کردی ہے، ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی ڈیلی چالان سے مشروط نہیں ہوگی۔ 5بڑے شہروں میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک لائسنس کا اجراء  آسان بنا دیا ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں لائسنسنگ سینٹرز دو شفٹ میں کام کریں گے۔ لائسنسنگ سینٹرز ہفتے اور اتوار کو بھی اوپن رہیں گے۔ گلبرگ، مال روڈ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ کو ٹریفک کے حوالے سے ماڈل روڈز قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ماڈل روڈز پر ٹریفک کی روانی کیلئے موثر مینجمنٹ سسٹم لاگو کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کیلئے روڈ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سڑکوں پر موجود رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تجاوزات کو ہٹایا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء  کے لئے آؤٹ ریچ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت کالجوں میں ٹریفک پولیس کی ٹیمیں جا کر طلبہ کے لائسنس بنائیں گی۔ محسن نقوی نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑکوں پر گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ گوشت فروخت کرنے والوں کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ پرندوں کی وجہ سے فضائی حادثے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سڑکوں پر بھیک مانگنے والے مافیا کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے اور بھیک مانگنے والے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سمن آباد انڈر پاس اورکلمہ چوک انڈر پاس کو جلداز جلد مکمل کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ترقیاتی کاموں اور پی ایس ایل میچز کو مدنظر رکھ کر بہترین منصوبہ بندی کی جائے۔ سڑکوں کی بندش کی صورت میں قبل ازوقت عوام کو بھر پور آگاہی دی جائے۔  بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں سالانہ 3لاکھ 70ہزار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا اضافہ ہوتا ہے۔ محسن نقوی نے انقلابی فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کی ٹیوشن فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ 200 کشمیری طلبہ کو حکومت پنجاب کی طرف سے لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے یہ اعلان پنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی۔ کشمیری طلبہ کے وفد نے یوم یکجہتی کشمیر پر پنجاب بھر میں تقریبات کے انعقاد کو سراہا۔ محسن نقوی کی ہدایت پر زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے ریسکیورز ترکیہ روانہ کر دیئے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 کے وفد میں اقوام متحدہ کے سرٹیفائیڈ ریسکیورز شامل ہیں۔ ریسکیورز ترکیہ پہنچ کر زلزلہ متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں حصہ لیں گے۔ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر ترکیہ جانے والی ٹیم کی کمانڈ کر رہے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن