ترکیہ‘ شام کیلئے دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات‘ امداد کا اعلان


واشنگٹن‘ انقرہ (اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) دنیا بھر میں ترکیہ اور شام سے تعزیتی پیغامات‘ امداد اور یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے رکن ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری امداد کریں۔ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے ترکیہ میں تباہ کن زلزلے پر صدر رجب طیب اردگان سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے ترک صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور نیٹو اتحادی ترکیہ کو ہر طرح کی اور تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے امریکی عزم کی توثیق کی۔ آذربائیجان  کے صدر الہام علی یوف  نے  اپنے  پیغام میں کہا  کہ زلزلے  کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان کی خبروں سے  ہمیں دلی صدمہ پہنچا ہے۔ شمالی قبرصی ترک جمہوریہ  کے صدر ایرسین تاتار نے بھی کہا کہ ہمارے عوام  ترکیہ  کے درد میں برابر کے شریک ہیں۔ قازقستان کے صدر قاسم  جومرت  توکایوف نے کہاکہ قازقستان ترکیہ  کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ روسی صدر ولا دیمر پیوٹن اور اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی جاری پیغام  میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے  دکھ کا اظہار کرتے  ہوئے  ترکیہ کو  ہر ضروری مدد فراہم کرنے  کا عزم کیا۔ فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے ترکیہ و شام  کے ساتھ   اظہار ِ یکجہتی کیا گیا۔ چینی صدر شی جن پنگ، ہنگری کے صدر کاتالین نوواک، کرغزستان کے صدر  جاپاروف، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو، گیمبیا کے صدر آداما بارو سمیت دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کے ساتھ ترکیہ اور شام سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ یورپی یونین کمشن کے صدر ارسلا وان دیر لیین نے ترکیہ  کی مدد کا عہد کیا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے یورپ کے ڈائریکٹر ہنس کلوگ نے بھی ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ بیجنگ سے اے پی پی کے مطابق چین نے ترکیہ کے لئے 5.9 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں چین کی ریڈ کراس سوسائٹی بھی شام اور ترکیہ کو فوری طور پر 2, 2 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گی۔ یو اے ای نے ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کیلئے دس کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق 5, 5 کروڑ ڈالر دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے 57 فلسطینی بھی جاں بحق ہو گئے۔ فلسطینی انتظامیہ کے مطابق 14 فلسطینی ترکیہ میں اور 43 شام میں جاں بحق ہوئے۔ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے شام کے صدر بشار الاسد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور امدادی سرگرمیوں میں تعاون کی پیشکش کی۔ دریں اثناء ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کے بعد ترکیہ کے چیحان تیل ٹرمینل پر آپریشن روک دیا گیا اور کرکوک سے عراق کی تیل برآمد کرنے والی شمالی پائپ لائن کو بند کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن