اندرون سندھ قائم صنعتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے:اسماعیل ستار

Feb 08, 2023


کراچی(کامرس رپورٹر)سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) کے چیئرمین اسماعیل ستار نے سندھ میں کاروباری جائیدادوں پر قبضے کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی توجہ ہرجینا سالٹ ورکس کی زمینوں پر غیر قانونی قبضے کی طرف مبذول کرواتے ہوئے درخواست کی ہے کہ لینڈ مافیا کو لگام دیتے ہوئے اندرون سندھ قائم صنعتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپیل میں اسماعیل ستار نے کہا کہ 1952 میں قائم ہونے والی ہرجینا سالٹ اینڈ کیمیکلز (پاک) پرائیویٹ لمیٹڈ نے سندھ کے دیہی علاقوں میں سینکڑوں ورکرز کو روزگار فراہم کیا اور کئی دہائیوں سے ان کے خاندانوں کی روزی روٹی کا خیال رکھا۔اپنے قیام کے بعد سے کمپنی نے اپنے کاروباری لین دین کو قانونی طور پر انجام دیا اور شفاف لین دین کے لیے ایس ای سی پی کے ساتھ بھی رجسٹرڈ ہے مگر بدقسمتی سے لینڈ مافیا ان کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے پر تْلا ہے جس سے ان کا کاروبار بند ہونے کا خطرہ ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ہرجینا سالٹ اینڈ کیمیکلز کو ایسے افراد کا سامنا ہے جو مقامی حکومت سے ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اپنے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے ایک بااثر بزنس ٹائیکون کی وکالت کرتے نظر آتے ہیں۔مزدوروں اور مقامی لوگوں نے کمپنی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف مرکزی دروازے اور ہائی وے کو بلاک کر کے احتجاج بھی کیا  تاہم ہائی وے کو جلد کھول دیا گیا جبکہ ہرجینا سالٹ اینڈ کیمیکلز پہلے ہی معزز ہائیکورٹ میں سی پی دائر کر چکا ہے۔

مزیدخبریں