ریاست مدینہ کا آئین فلاحی سوسائٹی کے قیام کے رہنما اصولوں پر مشتمل ہے: حسن محی الدین 

Feb 08, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کا آئین فلاحی سوسائٹی کے قیام کے راہنما اصولوں پر مشتمل ہے۔میثاق مدینہ کی آئینی دستاویز کا اخلاقی و قانونی پیغام یہ ہے کہ انصاف کی فراہمی،جان و مال کے تحفظ کی گارنٹی،تکریم انسانیت، مذہبی جذبات کے احترام اور سماجی مساوات کے ذریعے سوسائٹی کو ہر نوع کی تفریق اور نفرتوں سے پاک کیا جا سکتا ہے اور مختلف المذاہب طبقات کو امت واحدہ کے قالب میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ بہاولپور بار کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی انتظامی بنیاد امن و انصاف اور رول آف لاء پر قائم ہوئی۔
 ریاست مدینہ کا دستور ذات پات، رنگ و نسل سے بالاتر خالصتاً قانون و انصاف کی بالادستی کے تصورات پر مشتمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ میثاق مدینہ بین المذاہب رواداری، انسانی حقوق کے تحفظ و احترام اور بین الاقوامی اقدار پر مبنی تاریخ عالم کی پہلی جامع دستوری دستاویز ہے۔ حامد اختر ایڈووکیٹ صدر بہاولپور بار ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے علمی اور پر مغز خطاب پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ریاست مدینہ کے موضوع پر عالم اسلام کے پہلے پی ایچ ڈی سکالر ہیں،انہوں نے کہا پاکستان کے موجودہ بحرانوں کا حل ریاست مدینہ کے آئین میں موجود ہے۔وکلاء برادری نے ریاست مدینہ کے موضوع پر جامع فکری نشست کے انعقاد پر بہاولپور بار کو مبارکباد دی۔ 

مزیدخبریں