شہباز کی قیادت میں ملک جلد معاشی طاقت بن کر ابھرے گا:تسنیم قریشی

Feb 08, 2023


لاہور (کامرس رپورٹر)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک بہت جلد معاشی طاقت بن کر ابھرے گا،تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی پارٹی سے بالاتر ہوکر ملک کے لیے پہلے سوچنا ہوگا،کیمیکل سیکٹر میں ترقی کے مواقع اور ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے لازم ہے کہ کیمیکل انڈسٹری کے لیے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ وہ پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام ایکسپو سنٹر لاہور میں منعقدہ دو روزہ  "پاکستان کیمیکل ایکسپو 2023" کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کیمیکل انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور تجارتی امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے اس ایکسپو کا انعقاد درست سمت میں ایک بروقت اور موزوں قدم ہے۔
 یہ نمائش پاکستان کی کیمیکل انڈسٹری کو بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے اور اسے عالمی سطح پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان کی کیمیکل انڈسٹری اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے ماحول کی بہتری کے لیے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف پر نہ صرف عمل کرتی ہے بلکہ ہمیشہ سے ان پر کاربند رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پی سی ایم اے صنعت اور حکومت کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بین الاقوامی سطح پر نئے مواقع تلاش کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرتی رہے گی اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ترقی اور بہتری کی جانب اس سفر میں حکومت نہ صرف آپ کی ہر ممکن مدد کرے گی بلکہ کیمیکل انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے مراعات اور سہولیات بھی متعارف کرائے گی۔ اس موقع پر پاکستان کیمیکلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین جے کمار، سینئر ممبران ہارون علی خان، خالد پرویز، قاضی خالد، ظفر محمود سمیت سرکاری افسران ، ملک کے مختلف ایوان صنعت و تجارت اور بزنس ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ پی سی ایم اے کے چیئرمین جے کمار نے کہا کہ اس ایکسپو میں کیمیکل سیکٹر سے متعلق 100 سے زائد صنعتوں اور معروف یونیورسٹیوں کے متعلقہ شعبہ جات نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں اور 15 سے زائد ممالک کے نامور سائنسدان اپنی جدید تحقیق کانفرنس میں شیئر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی ایم اے کے پلیٹ فارم سے سعودی عرب سے پہلی دفعہ پاکستانی کرنسی میں خام مال درآمد کیا گیا ہے،کیمیکل سیکٹر سے صحیح معنوں میں افادیت حاصل کرنے کے لئے پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نہ صرف طویل المدتی پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پراجیکٹس کی وکالت کر رہی ہے بلکہ پاکستان میں موجود وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے بائیو اکانومی پراجیکٹس بھی متعارف کروا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول پی سی ایم اے کی مشاورت سے ایک جامع اور مربوط کیمیکل پالیسی بنائے تاکہ اس صنعت کے فروغ دینے  میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور اس صنعت میں ترقی کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

مزیدخبریں