لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ بھارتی غنڈہ گردی پر عالمی اداروں کی خاموشی ستم بالائے ستم ہے۔ بھارت نے مقبوضہ وادی میں جس طرح دہشت اور وحشت کا بازار گرم کر رکھا ہے، بنیادی انسانی حقوق بری طرح متاثر ہیں۔ مگر افسوس یہ ہے کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر ادارے بھارت کے خلاف کارروائی سے گریزاں نظر آتے ہیں۔ نہ تو بھارت کو شٹ اپ کال دی جارہی ہے اور نہ ہی اقتصادی پابندیاں لگا کر بھارت کو نکیل ڈالی جا رہی ہے۔ اس سے بھارت کی ظالمانہ کارروائیاں مزید بڑھتی جا رہی ہیں۔ ادھر بھارت میں اذان پڑھنے پر مساجد کو جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ آر ایس ایس کے غنڈوں نے مساجد کو مندروں میں معاذ اللہ بدلنے کے لیے ایک بڑی لسٹ تیار کر لی ہے۔ مسلمانوں کے لیے بھارت میں عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کو پاؤں تلے روندنے والے بدمست بھارتی ہاتھی کے خلاف زبردست تادیبی کارروائی از حد ناگزیر ہو چکی ہے۔