ریسکیو 1122 مشکل گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کیساتھ ہے : رضوان نصیر


لاہور(نامہ نگار) کمانڈرپاکستان ریسکیو ٹیم ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ٹیم کی پہلی ترجیح زلزلے کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور ریسکیو ہوگی۔ پاکستان ریسکیو ٹیم کے پاس منہدم عمارتوں کے ملبے سے متاثرین کو تلاش کرنے اور فوری فرسٹ ایڈ اور فوری طبی امداد کیساتھ ساتھ ریسکیو کی ضروری،عملی اورتکنیکی مہارت موجود ہے۔ ریسکیو 1122 مشکل کی اس گھڑی میں ترک بہن بھائیوں کیساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے پاکستان ریسکیو ٹیم کواعلیٰ سطح کی تیاری اور پروفیشنل عملی مہارتوں کو برقرار رکھنے کی مستقل کوششوں کو سراہا۔ پاکستان ریسکیو ٹیم منہدم عمارتوں کے ملبے تلے پھنسے ہوئے متاثرین کی تلاش اور ریسکیو اور موقع پرایمرجنسی میڈیکل ٹریٹمنٹ کی صلاحیت اور مہارت رکھتی ہے۔ پاکستان ریسکیو ٹیم یو این انسراگ بین الاقوامی رہنما خطوط کے مطابق جدید ترین سرچ اینڈ ریسکیو ٹولز سے لیس ہے جس میں ریسکیو سرچ ٹیم، ٹیکنیکل ریسکیو، میڈیکل، کمانڈ سپورٹ، کوآرڈینیشن، کمیونیکیشن اور لاجسٹک سپورٹ شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کیساتھ مسلسل تعاون اور رابطے میں ہے جسکی وجہ سے ٹیم مختلف تربیتی پروگرام اور ایکسرسائزز کی وجہ سے وقت کے تقاضوں کے مطابق کسی بھی قدرتی آفت پہ قومی یا بین الاقوامی سطح پر رسپانس کرنے کی صلاحیت رکھتی 
ہے۔پاکستان ریسکیو ٹیم نے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے بڑے جوش اور عزم کا اظہار کیا۔ٹیم ممبران کا کہنا تھا کہ وہ ترکی کوسرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں مدد فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے دعاؤں کیساتھ ساتھ اس مشکل وقت میں ترک قوم کی ہر ممکن کی بھی درخواست کی۔

ای پیپر دی نیشن