لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سنٹرل پولیس آفس میں کام کرنے والے پولیس ملازمین کیلئے حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کھانے کا ہفتہ وار مینیو منتخب کرتے وقت پولیس جوانوں کی تجاویز کو بھی مدِنظر رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب نے اے آئی جی ایڈمن کو ہدایت کی کہ سنٹرل پولیس آفس کی کینٹین کے معاملات کو اپنی نگرانی میں بہتر سے بہتر بنائیں اورملازمین کو ارزاں قیمت پر فراہمی کے ساتھ ساتھ کھانے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کینٹین میں دستیاب کھانے کے معیار چیک کرنے کیلئے ایک جوان کے ساتھ کھانا تناول کیا اور ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے مسائل بارے بھی دریافت کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سنٹرل پولیس آفس میں تعینات پولیس ملازمین کو بہتر ماحول کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے سی پی او کینٹین میں کچن سمیت دیگر حصوں کا دورہ بھی کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے بارے احکامات دئیے۔